تہران/اسلام آباد (MNN)؛ ایران نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں پر بھی اظہار تشکر کیا ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے تہران کے سرکاری دورے کے دوران سامنے آئی، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے اہم ملاقات کی۔
محسن نقوی تہران پہنچنے پر ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ایرانی وزارت داخلہ میں ملاقات ہوئی۔
پاکستانی وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔
مومنی نے کہا کہ ایران خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا شکر گزار ہے اور پاکستان کی جانب سے حالیہ دورہ انتہائی مفید رہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات موجود ہیں اور آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
محسن نقوی کا دورۂ تہران ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان خطے میں جاری بحران کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور سفارتی رابطوں کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان نے اس سے قبل ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور سفارتی رابطوں میں سہولت کاری کی ہے اور بات چیت، تحمل اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن کے قیام پر زور دیا ہے۔
تاہم محسن نقوی کے دورے سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا تھا کہ دورے کا بنیادی محور دوطرفہ تعلقات ہوں گے اور ثالثی سے متعلق کسی مخصوص پیغام کے تبادلے کا منصوبہ نہیں ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان داخلی سلامتی سے متعلق تعاون بھی جاری ہے۔ دونوں ممالک پہلے ہی انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، سرحدی انتظام، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کر چکے ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے جولائی میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا، جس کے دوران محسن نقوی کے ساتھ پاک ایران تعلقات، تجارت، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا تھا۔
تہران میں ہونے والی تازہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل اور دوطرفہ و علاقائی معاملات پر قریبی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔


