لاہور (ایم این این) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ‘ستھرا پنجاب عید آپریشن’ کامیابی سے ہمکنار ہوا.
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق اس گرینڈ آپریشن میں ریکارڈ 1 لاکھ 84 ہزار ورکرز نے حصہ لیا، جبکہ 60 ہزار سے زائد گاڑیاں رات دن سڑکوں پر متحرک رہیں۔
عید کے تینوں دن کے دوران مجموعی طور پر 60 لاکھ کلومیٹر سے زائد کا رقبہ کور کیا گیا، اور ریکارڈ 3 لاکھ 60 ہزار ٹن آلائشیں اور کوڑا کرکٹ محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔
آپریشن صرف سڑکوں تک محدود نہ رہا، بلکہ صوبے بھر کی 60 ہزار سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی کی گئی، جبکہ 4 ہزار سے زائد مقامات کو عرقِ گلاب چھڑک کر معطر کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عید کے تینوں دن کی گئی انتھک محنت اور بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ، آئی جی پنجاب، کمشنرز، ڈی سیز، ڈی جی ستھرا پنجاب، ایم ڈی واسا، سیف سٹی اور اسپیشل برانچ سمیت سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو بھی بے حد سراہا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عید پر مثالی صفائی اور سیکیورٹی انتظامات سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوام کی خدمت کے لیے اسی جذبے اور ٹیم ورک کا مظاہرہ برقرار رکھا جائے گا۔


