پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

0
6

لاہور (ایم این این; پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔

آل راؤنڈر شاداب خان نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی مسلسل تیسری فتح بھی ہے۔

158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر صاحبزادہ فرحان صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 27 تھا۔

اس کے بعد معاذ صداقت نے بابر اعظم کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 14 رنز جوڑے، تاہم وہ میتھیو شارٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ معاذ نے 26 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

بابر اعظم نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور غازی غوری، سلمان علی آغا اور عرفات منہاس کے ساتھ اہم شراکت داریاں قائم کیں، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں۔ بابر اعظم 84 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر میتھیو کوہن مین کا شکار بنے۔

پاکستان کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب عرفات منہاس نو رنز بنا کر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد ٹیم کا اسکور 112 رنز پر چھ وکٹیں ہو گیا۔

مشکل صورتحال میں شاداب خان اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ساتویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 49 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو 42ویں اوور میں فتح دلوا دی۔

شاداب خان 42 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبدالصمد نے 30 گیندوں پر 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہن مین سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ناتھن ایلس، میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصلہ کامیاب ثابت نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 42 اوورز میں 157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اننگز کی دوسری ہی گیند پر ملی جب کپتان شاہین شاہ آفریدی نے میتھیو شارٹ کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج دیا۔

بعد ازاں مارنس لبوشین اور جوش انگلس نے دوسری وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن لبوشین 19 رنز بنا کر عرفات منہاس کے شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔

جوش انگلس نے الیکس کیری کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے۔ کیری 19 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔

27ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کو بڑا نقصان پہنچاتے ہوئے جوش انگلس اور کیمرون گرین دونوں کو آؤٹ کر دیا۔ انگلس 71 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65 رنز بنا کر آسٹریلیا کے نمایاں بیٹر رہے، جبکہ کیمرون گرین صرف سات رنز بنا سکے۔

بعد ازاں ابرار احمد نے میٹ رینشا اور کوپر کونولی کو مسلسل اوورز میں آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان نے اولیور پیک اور ایڈم زیمپا کی وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو کوہن مین رن آؤٹ ہوئے اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ اوورز میں 30 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور باؤلنگ اٹیک کی قیادت کی۔ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان کی آل راؤنڈ کارکردگی اور پاکستان کے اجتماعی کھیل کی بدولت قومی ٹیم نے سیریز اپنے نام کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں