انقرہ/راولپنڈی (ایم این این): چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی، عسکری اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ترک سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں میں بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے انقرہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں عسکری رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ فوجی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترک آرمڈ فورسز ڈسٹنگوئشڈ سروس میڈل سے نوازا۔
فیلڈ مارشل نے ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون اور فوجی روابط کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان میں ترک سفارت خانے نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات برادرانہ روابط، باہمی اعتماد اور مشترکہ اسٹریٹجک وژن پر استوار ہیں۔
ترک مسلح افواج نے بھی تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوطرفہ مذاکرات ہوئے۔
اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار انیت کبیر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا مظہر ہے۔
یہ دورہ گزشتہ ماہ ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل کے پاکستان کے دورے کے تسلسل میں کیا جا رہا ہے، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں کر کے علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔


