براڈ پیک پر برفانی تودہ: خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن معطل، 3 کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد، 7 تاحال لاپتا

0
2

گلگت (ایم این این): براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتا ہونے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش اور ریسکیو کارروائی خراب موسمی حالات کے باعث جمعہ کی شب عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تین کوہ پیماؤں کی لاشیں براڈ پیک سے اسکردو منتقل کی گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں امریکا کی میلوری گائس، نیپال کے پور بہادر گرونگ اور عمان کی نذیرہ احمد عبداللہ الحارثی شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں چار لاشیں ملنے کا بتایا گیا تھا، تاہم بعد ازاں حکام نے تعداد تین ہونے کی تصدیق کی۔ حادثے کے بعد سات کوہ پیما اب بھی لاپتا ہیں۔

کمشنر بلتستان ڈویژن کے مطابق ٹور آپریٹرز کی درخواست پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے لیے معروف پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کی قیادت میں تین رکنی سول ریسکیو ٹیم کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے براڈ پیک بیس کیمپ پہنچایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون فوٹیج میں مزید لاپتا کوہ پیماؤں کی موجودگی کے آثار بھی ملے ہیں۔ موسم بہتر ہونے پر ہفتہ کے روز ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا، جبکہ دیگر مہمات میں شریک شیرپا بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے۔

انتہائی دشوار گزار راستوں، خراب موسم اور بلند ترین بلندی پر موجود خطرناک حالات کے باوجود پاک فوج، مقامی ماہر کوہ پیماؤں اور ریسکیو ٹیموں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت نے جاں بحق کوہ پیماؤں کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ لاشوں کی اپنے ممالک منتقلی اور ریسکیو آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ لاپتا کوہ پیماؤں کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق 10 رکنی ٹیم میں چھ نیپالی، ایک پاکستانی، ایک عمانی، ایک امریکی اور ایک چینی کوہ پیما شامل تھے۔ جی پی ایس معلومات کے مطابق برفانی تودہ کوہ پیماؤں کو تقریباً ایک ہزار میٹر نیچے بہا لے گیا، جہاں کئی افراد برف تلے دب گئے۔

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ صوبائی وزیر سیاحت نیک نام کریم نے کہا کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی محفوظ بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ لاپتا افراد میں ایک برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما بھی شامل ہے اور اس حوالے سے پاکستانی حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

لاپتا افراد میں عالمی شہرت یافتہ نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا بھی شامل ہیں، جبکہ ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی، جنہوں نے حال ہی میں کانچن جنگا سر کیا تھا اور اس سے قبل بغیر اضافی آکسیجن کے کے ٹو، نانگا پربت، گاشر برم ون اور ٹو بھی سر کیے تھے، بھی اسی مہم کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں