جاپان کا چکوال میں خواتین کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے لیے ایک کروڑ 48 لاکھ روپے کا گرانٹ اعلان

0
7

اسلام آباد (ایم این این)؛ حکومتِ جاپان نے ضلع چکوال، پنجاب میں خواتین کے لیے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 53 ہزار 419 امریکی ڈالر، یعنی تقریباً ایک کروڑ 48 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ مالی معاونت جاپان کے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سکیورٹی پراجیکٹس (GGP) پروگرام کے تحت معاون فاؤنڈیشن کو فراہم کی جا رہی ہے۔

گرانٹ معاہدے پر 27 اگست 2026 کو جاپان کے سفارت خانے اسلام آباد میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور معاون فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔

اس منصوبے کا عنوان ”گاؤں دلمیال، ضلع چکوال میں خواتین کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کا منصوبہ“ ہے، جس کا مقصد کمزور اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو فنی مہارتیں فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد دینا ہے۔

منصوبے کے تحت گاؤں دلمیال کی مقامی کمیونٹی کی جانب سے عطیہ کی گئی زمین پر ایک مستقل تربیتی مرکز تعمیر کیا جائے گا۔ اس ادارے میں خواتین کو ڈریس میکنگ، سلائی اور فیشن ڈیزائننگ کے باقاعدہ کورسز کرائے جائیں گے۔

توقع ہے کہ یہ انسٹی ٹیوٹ ہر سال تقریباً 240 خواتین کو معیاری فنی تربیت فراہم کرے گا، جس سے وہ عملی مہارتیں حاصل کرکے روزگار یا اپنا ذریعہ آمدن پیدا کرنے کے قابل ہو سکیں گی۔

دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے امید ظاہر کی کہ یہ تربیتی ادارہ آنے والے کئی برسوں تک علاقے کی خواتین اور ان کے خاندانوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے منصوبے کے لیے زمین عطیہ کرنے پر مقامی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان خواتین کو بااختیار بنانے کے اپنے عزم کے تحت مقامی کمیونٹی کے مستقل ووکیشنل ٹریننگ ادارے کے دیرینہ خواب کو حقیقت بنانے میں تعاون پر خوش ہے۔

حکومتِ جاپان نے کہا کہ وہ پاکستان میں مقامی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر GGP پروگرام کے ذریعے بنیادی سطح پر انسانی تحفظ اور ترقی کے منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی، جبکہ یہ منصوبہ پاکستان اور جاپان کی مضبوط اور دیرینہ دوستی کی ایک اور علامت بنے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں