راولپنڈی (ایم این این): راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں شوہر کی جانب سے خاتون کو مبینہ طور پر بیڑیاں لگا کر حبسِ بے جا میں رکھنے کے کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج نے خاتون کے دعوے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے شوہر نے اسے غیر قانونی طور پر قید رکھا اور ٹانگوں میں بیڑیاں ڈال دیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے اور تحقیقات کا حکم دیا، جس کے بعد شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔
تاہم تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر خاتون کو اپنے گھر سے پیدل چل کر پولیس اسٹیشن آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرل ویڈیو ریکارڈ ہونے سے قبل خاتون خود تھانے پہنچی تھی۔ ایک اور ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے، "باجی، بیڑیاں کھول دیں، ویڈیو بن گئی ہے۔”
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی نیلے رنگ کی دیوار پولیس اسٹیشن کے اندرونی حصے سے مشابہت رکھتی ہے، جس کی بنیاد پر یہ جانچ کی جا رہی ہے کہ ویڈیو کہاں اور کن حالات میں بنائی گئی۔
ذرائع کے مطابق میاں بیوی کے درمیان مبینہ طور پر موبائل فون سننے یا چیک کرنے کے معاملے پر تلخی پیدا ہوئی تھی، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، وائرل ویڈیوز اور دیگر شواہد کی روشنی میں واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حتمی قانونی فیصلہ شواہد اور عدالتی کارروائی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔


