راولپنڈی (ایم این این): امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے کانگریس کے دو اراکین نے پیر کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) نے علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وفد نے پاکستان کی علاقائی استحکام میں خدمات اور معاشی مضبوطی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کاروبار دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
دونوں ممالک نے نجی شعبے میں تعاون، دوطرفہ تجارت کے فروغ اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وفد نے مہمان نوازی پر پاکستانی فوجی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد اور لاہور کے دورے کے دوران امریکی قانون سازوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مائیکل جیمز نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ ریان زنکے نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات پہلے سے کہیں بہتر ہیں۔
وفد نے لوک ورثہ میوزیم، پاکستان مونومنٹ، بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ اور مزارِ علامہ اقبال کا بھی دورہ کیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں انہیں جدید پولیسنگ، نگرانی اور عوامی تحفظ کے نظام پر بریفنگ دی گئی، جسے امریکی وفد نے سراہا۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے تعلیم، سیاحت اور ٹرانسپورٹ سے متعلق منصوبوں کی بھی تعریف کی۔
امریکی ارکانِ کانگریس نے امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں پاکستان کی تعمیری ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ دونوں ممالک نے معدنیات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر ابھرتے ہوئے اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ پاکستان نے امریکی منڈی میں اپنی برآمدات کے لیے مزید رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی واحد برآمدی منڈی ہے جبکہ پاکستان امریکی کپاس کے بڑے درآمد کنندگان میں شامل ہے۔
جنرل عامر رضا نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھال لیا
دریں اثنا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں نئے تعینات ہونے والے چار ستارہ جنرل عامر رضا سے ملاقات کی اور انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (سی این ایس سی) کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عامر رضا کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے جنرل عامر رضا کو چار ستارہ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔ انہوں نے اس اہم ذمہ داری سنبھالنے پر جنرل رضا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
جنرل عامر رضا کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب گزشتہ سال 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا، جس کے ذریعے جوہری کمان کی ذمہ داریاں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے سے منتقل کی گئیں، جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا منصب بھی متحدہ عسکری کمان کے قیام کے لیے متعارف کرایا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس آئینی ترمیم کے بعد پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہوئے تھے۔


