اسلام آباد: 14 اگست کی سرکاری تقریب میں سینئر افسران کی جانب سے بگھی میں سوار ہو کر تقریب میں پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری افسران کے لیے پروٹوکول، نمود و نمائش اور شاہانہ طرزِ عمل ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے 14 اگست کو منعقدہ سرکاری تقریب میں سینئر افسران کے بگھی میں سوار ہو کر پہنچنے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا۔ بگھی کی سواری کی تصاویر اور ویڈیوز پر عوامی سطح پر بھی شدید تنقید سامنے آئی تھی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق وزیراعظم نے اس طرزِ عمل کو دھوم دھام، مراعات یافتہ طبقے کی نمائش اور ذاتی تشہیر قرار دیتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری افسران کا ایسا طرزِ عمل عوامی خدمت کے بنیادی تصور سے متصادم ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سول سرونٹس عوام کی امانت کے طور پر سرکاری عہدوں پر فائز ہوتے ہیں، اس لیے انہیں ہر حال میں انکساری، ضبط، وقار اور دانش مندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ سول اور سرکاری ملازمین میں بڑھتے ہوئے نمود و نمائش، شاہانہ انداز، ذاتی تشہیر اور پروٹوکول کے کلچر کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔
وفاقی سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی وزارتوں، ڈویژنز، منسلک محکموں، ماتحت دفاتر اور خودمختار اداروں میں وزیراعظم کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
وزیراعظم کی ہدایت کے بعد سرکاری تقریبات میں افسران کے شاہانہ پروٹوکول اور نمود و نمائش کے خلاف واضح پالیسی سامنے آگئی۔


