جی ایف سی این، ٹاس نے اوانا کے صحافیوں کے لیے فیکٹ چیکنگ ویڈیو کورس شروع کردیا

0
16

اسلام آباد (MNN): گلوبل فیکٹ چیکنگ نیٹ ورک (GFCN) اور روسی خبر رساں ادارے ٹاس (TASS) نے آرگنائزیشن آف ایشیا پیسیفک نیوز ایجنسیز (OANA) سے وابستہ خبر رساں اداروں کے صحافیوں اور عملے کے لیے فیکٹ چیکنگ کے حوالے سے ایک تعلیمی ویڈیو کورس شروع کردیا ہے۔

کورس میں فیکٹ چیکنگ سے متعلق پانچ بنیادی اسباق جبکہ نیو میڈیا اسکول کی جانب سے تین اضافی لیکچرز شامل ہیں۔ یہ کورس 21 ستمبر 2026 کو جی ایف سی این اور اوانا کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت اور 22 ستمبر کو بین الاقوامی فورم ’’ڈائیلاگ اباؤٹ فیکس 4.0‘‘ کے دوران ہونے والے مشترکہ اجلاس میں طے پانے والے معاہدوں کے تحت تیار کیا گیا ہے۔

بنیادی اسباق میں فیکٹ چیکنگ کے اصول، معلومات کی تصدیق کے لیے جدید ٹولز اور الگورتھمز، ڈیپ فیکس کی شناخت، ذہنی و ادراکی مغالطوں کی نشاندہی، تنقیدی سوچ کی ترقی اور خبر رساں اداروں میں فیکٹ چیکنگ کے مؤثر نظام کو شامل کرنے کے طریقہ کار پر توجہ دی گئی ہے۔

ایشیا پیسیفک خطے کے مختلف ممالک کی مثالوں کے ذریعے شرکا معلومات کی تصدیق کے عملی طریقوں کا جائزہ لیں گے اور یہ سیکھیں گے کہ فیکٹ چیکنگ کو روزمرہ ادارتی عمل کا حصہ کیسے بنایا جاسکتا ہے۔

جی ایف سی این کے نائب صدر دانیئل بِسلنگر نے کہا کہ شائع ہونے والی معلومات کی درستگی کے ذریعے میڈیا پر اعتماد کو روزانہ کی بنیاد پر مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق جعلی اور گمراہ کن مواد تیار کرنے کے جدید ذرائع اب تقریباً ہر شخص کی دسترس میں ہیں، جس کے باعث صحافیوں اور دیگر میڈیا پروفیشنلز کے لیے فیکٹ چیکنگ کی مہارتیں ناگزیر ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹاس کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ عملی کورس اوانا سے وابستہ خبر رساں اداروں کے صحافیوں کو معلومات میں موجود جعل سازی اور گمراہ کن عناصر کی نشاندہی کرنے، روزمرہ ادارتی کام میں تصدیق کے عمل کو شامل کرنے اور جی ایف سی این کی بین الاقوامی مہارت سے استفادہ کرنے میں مدد دے گا۔

نیو میڈیا اسکول کے تین اضافی لیکچرز میں جنریٹو مصنوعی ذہانت (AI) کے عملی استعمال، تخلیقی سوچ کی ترقی اور میڈیا منصوبوں کی معیشت سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔ ان لیکچرز کا مقصد صحافیوں کو مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے نتائج کی لازمی تصدیق، مصدقہ معلومات کو مؤثر انداز میں پیش کرنے اور قابل اعتماد مواد کی تیاری کے لیے وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

اوانا کے سیکریٹری جنرل اور ٹاس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مرات ابوالخاتین نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ ویڈیو کورس تنظیم سے وابستہ صحافیوں کے لیے ایک مفید پیشہ ورانہ ذریعہ ثابت ہوگا اور تجربات کے تبادلے سمیت مشترکہ پیشہ ورانہ معیارات کو مزید مضبوط بنانے میں معاونت کرے گا۔

انہوں نے معلومات کے تبادلے کے شعبے میں ایک مشترکہ پیشہ ورانہ ثقافت تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں معلومات کی تصدیق کے اصولوں پر مشترکہ فہم اور جدید فیکٹ چیکنگ ٹولز تک رسائی انتہائی اہم ہے۔

ویڈیو کورس اوانا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

اوانا کا قیام 1961 میں یونیسکو کی initiative پر عمل میں آیا تھا اور اس وقت ایشیا پیسیفک خطے کے 33 ممالک کی 40 سے زائد خبر رساں ایجنسیاں اس کی رکن ہیں۔ ٹاس 2025 سے 2028 تک تنظیم کی صدارت پر فائز ہے۔

گلوبل فیکٹ چیکنگ نیٹ ورک (GFCN) 2025 میں ٹاس، اے این پی او ڈائیلاگ ریجنز اور نیو میڈیا اسکول نے مشترکہ طور پر قائم کیا تھا، جس کا مقصد گمراہ کن معلومات اور ڈس انفارمیشن کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کو مربوط کرنا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں