پاکستان کے خلاف کسی غلط اندازے کا جواب ناقابلِ تصور ہوگا

0
9

ایبٹ آباد/راولپنڈی (ایم این این); کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان سرحد پار جارحیت اور اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کرے گا، جبکہ ملک کے خلاف کسی بھی غلط اندازے کا جواب مخالف کی توقعات سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔

ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عامر رضا نے کہا کہ ایٹمی ماحول میں تصادم یا جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کی علاقائی سالمیت کا تحفظ ایک غیرمتزلزل عزم ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ملک کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سمیت عالمی جغرافیائی و سیاسی تبدیلیوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اہم اسٹریٹجک حیثیت کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے اسلام آباد معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ مکہ معاہدہ پائیدار امن کے اسی وژن کا تسلسل ہے۔

جنرل عامر رضا کے مطابق پاکستان تحمل، مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے کشیدگی میں کمی لانے پر یقین رکھتا ہے، تاہم کسی مخالف کو پاکستان کے امن پسندانہ رویے کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔

گمراہ کن پروپیگنڈے اور پراکسی جنگ کا خدشہ

مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل عامر رضا نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین گمراہ کن معلومات، بیانیے کی جنگ، پراکسی دہشت گردی اور غیرروایتی جنگی حربوں کے ذریعے قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مخالف عناصر پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لیے اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد مخالفین پراکسی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کے سماجی اتحاد اور ریاستی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

جنرل عامر رضا کے یہ بیانات بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے سرحد پار سے کسی نئی دہشت گردانہ کارروائی کی صورت میں پہلے سے زیادہ بڑا حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ پاکستان نے ان بیانات کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ کسی بھی فوجی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

جنرل عامر رضا نے فارغ التحصیل کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض پر ثابت قدم رہیں، منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں اور ملکی خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔

فلسطین اور کشمیر کی حمایت کا اعادہ

فلسطین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنرل عامر رضا نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو نشانہ بنانے اور شہری تنصیبات کی تباہی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

کشمیر کے حوالے سے انہوں نے بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

جدید جنگ اور عسکری قیادت کے تقاضے

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی نے جدید جنگ کی نوعیت تبدیل کردی ہے، جس کے باعث روایتی جنگی حکمت عملیوں میں تبدیلی ناگزیر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی عسکری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کثیرالجہتی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں اور میدانِ جنگ میں آنے والی تبدیلیوں سے آگے رہنے کی صلاحیت پیدا کریں۔

جنرل عامر رضا نے کہا کہ عسکری قیادت کے لیے درست فیصلہ سازی، پیشہ ورانہ مہارت، جرات، دیانت داری اور فرض شناسی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق مؤثر قیادت کے لیے جوانوں کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے فارغ التحصیل کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور تربیت کے دوران اہلِ خانہ کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کو بھی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس میں اعزازات تقسیم

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عامر رضا نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔

154ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد جنید جبار کو شمشیرِ اعزاز جبکہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر سید حسن عباس کو صدرِ پاکستان گولڈ میڈل دیا گیا۔

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے فرینڈلی کنٹری کمپنی سینئر انڈر آفیسر ریاض محمود خان نے چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ کمپنی اسپورٹس سارجنٹ محمد عبداللہ کو نشانہ بازی کا تمغہ دیا گیا۔

39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی احمد مصطفیٰ کو چیف آف آرمی اسٹاف کین دیا گیا۔ 73ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد حمزہ فیاض اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس جونیئر انڈر آفیسر مریم طارق کو کمانڈنٹ کینز سے نوازا گیا۔

جنرل عامر رضا نے اختتام پر نئے کمیشن حاصل کرنے والے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ پوری لگن، پیشہ ورانہ مہارت، اخلاقی جرات اور وطن سے غیرمتزلزل وفاداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں