سعودی وزیر داخلہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا

0
13

جدہ (ایم این این): سعودی وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود آل سعود نے منیٰ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات منیٰ میں ہوئی جہاں دونوں وزرا نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق سعودی وزیر داخلہ نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن کے لیے اسلام آباد کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔

پاکستان رواں برس امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے سرگرم سفارتی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اسلام آباد نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے لیے رابطوں میں سہولت فراہم کی اور بعد ازاں براہ راست مذاکرات کی میزبانی بھی کی۔ اگرچہ ان مذاکرات میں مستقل معاہدہ نہ ہو سکا، تاہم پاکستان نے پس پردہ سفارتی کوششیں جاری رکھیں۔

ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکار سعودی عرب میں تربیت حاصل کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ سعودی وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔

محسن نقوی نے اس موقع پر حج کے دوران سعودی حکومت کے بہترین انتظامات اور حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو بھی سراہا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب خطے میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کے بعد جنگ بندی کی صورتحال مزید نازک ہو گئی ہے، جبکہ امن معاہدے کی امیدوں کو بھی دھچکا پہنچا ہے۔ اس صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں