ملک بھر میں 12 ستمبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ، درجہ حرارت میں کمی کا امکان: محکمہ موسمیات

0
3

اسلام آباد (MNN)؛ پاکستان محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ہفتے کے دوران بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 14 ستمبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب میں بارش

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں۔

اسی عرصے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بھی وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 ستمبر کی شام سے 17 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارشیں

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان شامل ہیں۔

گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ اور کراچی میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین، کراچی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔

شہری سیلاب اور فلیش فلڈ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ متوقع موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کا انتظام کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں