چین اور پاکستان نے دفاعی تعاون اور تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کر دیا

0
12

بیجنگ/اسلام آباد (ایم این این): چین اور پاکستان نے دوطرفہ فوجی تعاون اور تزویراتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اپنے تعلقات کو دیرینہ اور آہنی دوستی قرار دیا ہے۔

چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل جیانگ بن نے جمعرات کو ماہانہ پریس بریفنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین کے موقع پر ہونے والے اعلیٰ سطحی رابطوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے اچھے ہمسایہ، ایک دوسرے پر اعتماد کرنے والے اچھے دوست، ایک دوسرے کا ساتھ دینے والے مضبوط شراکت دار اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والے بھائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات انتہائی قریبی ہیں اور تزویراتی رابطوں، مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں، اہلکاروں کے تبادلوں اور دفاعی سازوسامان و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

کرنل جیانگ بن نے کہا کہ دونوں ممالک کی بری، بحری اور فضائی افواج کے درمیان ہونے والی مشترکہ مشقیں، جن میں “واریئرز”، “اوشن گارڈز” اور “ایگلز” شامل ہیں، دوطرفہ دفاعی تعاون کی نمایاں علامت بن چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کی قیادت کی رہنمائی میں پاکستان کے ساتھ مل کر روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، تزویراتی روابط مزید بہتر بنانے، عملی تعاون کو وسعت دینے اور بنیادی قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک فوجی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دیں گے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل پر مبنی چین پاکستان برادری کو مزید مضبوط بنائیں گے، جبکہ خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے بھی مل کر کام جاری رکھیں گے۔

کرنل جیانگ بن نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے گزشتہ 75 برسوں کے دوران چین اور پاکستان کی دوستی عالمی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود مضبوط رہی ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان یہ تعلق مزید گہرا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اکثر چین پاکستان دوستی کو “پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی” قرار دیتے ہیں، جبکہ چینی عوام محبت سے پاکستان کو “آئرن پاکستان” کہتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں