اسلام آباد (ایم این این): ترکیہ کی وزیرِ خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے اسلام آباد میں منعقدہ 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی کامیاب میزبانی پر پاکستانی خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، لگن اور محنت کو سراہا ہے۔
پاکستان میں تعینات ترک سفیر کے ہمراہ اپنے خصوصی پیغام میں وزیر گوکتاش نے کہا کہ یہ خراجِ تحسین ان باصلاحیت پاکستانی نوجوان خواتین کے نام ہے جنہوں نے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی کامیاب تنظیم میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے اپنی غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری اور انتھک محنت سے نہ صرف کانفرنس کے تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کیے بلکہ پاکستان کی مثبت اور باوقار نمائندگی بھی کی۔
ترک وزیر نے کانفرنس کی کامیابی میں حصہ لینے والی تمام خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا اور کہا کہ ان کی کاوشوں نے اس اہم بین الاقوامی اجلاس کو کامیاب بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتکاروں اور خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم، سماجی تحفظ، معاشی شمولیت، ڈیجیٹل شمولیت اور مسلم دنیا میں خواتین کے کردار کو مزید مضبوط بنانے جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس کامیاب بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کو پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ترک وزیر کا خصوصی پیغام پاکستانی خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔


