ایف بی آر کا چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے رضاکارانہ ایک فیصد فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان

0
9

اسلام آباد (ایم این این): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو آسان طریقہ کار کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔

بدھ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اسکیم ان دکانداروں پر لاگو ہوگی جن کی صرف ایک دکان ہو اور سالانہ کاروباری فروخت 20 کروڑ روپے تک ہو۔ اسکیم کے تحت اہل دکاندار سالانہ سیلز ٹرن اوور پر ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے، جبکہ کم از کم سالانہ نقد ٹیکس 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے سالانہ 50 ارب روپے سے زائد اضافی محصولات حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ اسکیم رضاکارانہ ہوگی، جس کے تحت دکاندار چاہیں تو اس میں شامل ہو سکتے ہیں یا معمول کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔

ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹئیر ون ریٹیلرز، جیولرز اور پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والے افراد اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

ایف بی آر نے تاجروں، کاروباری تنظیموں اور عوام سے اسکیم کے مسودے پر سات روز کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کر لی ہیں۔

اہل دکاندار ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، ٹیکس آسان موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔

اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو منفرد کیو آر کوڈ کے ساتھ سبز رجسٹریشن پلیٹ جاری کی جائے گی، جسے دکان کے باہر نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایسی دکانوں پر ایف بی آر اہلکار معمول کے ٹیکس معاملات کے لیے داخل نہیں ہوں گے۔

اسکیم سے مستفید ہونے والے دکاندار پوائنٹ آف سیل (POS) مشین لگانے اور معمول کے ٹیکس آڈٹ سے بھی مستثنیٰ ہوں گے، تاہم انہیں اپنے خالص منافع، دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن، ادا کردہ ٹیکس، بینک بیلنس، غیر منقولہ جائیداد، نقد رقم اور دیگر اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

ایف بی آر نے ایک صفحے پر مشتمل آسان ٹیکس ریٹرن فارم بھی متعارف کرایا ہے، جس میں دکاندار کا نام، پتہ، شناختی کارڈ نمبر، کاروبار کی نوعیت، سالانہ فروخت، خریداری اور کاروباری اخراجات درج کرنا ہوں گے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی دکاندار کی ظاہر کردہ کاروباری سرگرمی اور اس کے قیمتی اثاثوں کی خریداری میں نمایاں فرق پایا گیا تو آڈٹ کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکس چوری کے لیے معلومات چھپانے یا اسکیم کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ ایف بی آر کو تیسرے فریق سے حاصل ہونے والی معلومات کی جانچ کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔

رجسٹریشن کا طریقہ کار

رجسٹریشن کے لیے دکان کے مالک کا شناختی کارڈ، اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر، فعال ای میل ایڈریس، دکان کا مکمل پتہ، بجلی کے بل کا کنزیومر نمبر، دکان کا رقبہ اور سالانہ فروخت کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

جو افراد پہلے سے ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں ہیں، انہیں پہلے اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے نیشنل ٹیکس نمبر (NTN) حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعد وہ آئی آر آئی ایس پورٹل یا ٹیکس آسان ایپ پر لاگ اِن کر کے فکسڈ ٹیکس اسکیم یا ٹریڈر فرینڈلی ماڈیول کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے۔

رجسٹریشن فارم اردو، انگریزی، سندھی، بلوچی اور پشتو زبانوں میں دستیاب ہوگا۔ درخواست منظور ہونے پر ایف بی آر منفرد کیو آر کوڈ کے ساتھ سبز رجسٹریشن پلیٹ جاری کرے گا، جسے دکان کے باہر نمایاں مقام پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں