لاہور (ایم این این): لاہور کی سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر عائشہ جٹ کی جانب سے دائر مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ٹک ٹاکرز راجب بٹ، سلمان حیدر اور دیگر ملزمان کو 11 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ظفریاب چدھڑ نے قرار دیا کہ مقدمے میں کارروائی آگے بڑھانے کے لیے بظاہر کافی شواہد موجود ہیں، لہٰذا تمام ملزمان کو عدالت میں پیش ہو کر اپنا دفاع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔
دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا کہ مدعیہ نے واٹس ایپ چیٹس، میڈیکل رپورٹ، ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کرایا گیا بیان، برآمدگی کی دستاویزات اور دیگر متعلقہ شواہد عدالت میں جمع کرائے ہیں۔
یہ مقدمہ ٹک ٹاکرز راجب بٹ، سلمان حیدر اور دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں درج ہے۔ کیس کی مزید سماعت 11 اگست کو ہوگی۔


