اسلام آباد (ایم این این): ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر اور دنیا کے تاریخ ساز آل راؤنڈر سر گارفیلڈ سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر عالمی کرکٹ برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کرکٹ کی تاریخ کا عظیم ترین آل راؤنڈر قرار دیا۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا، "ایک عظیم اننگز اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ سر گارفیلڈ سوبرز ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔” اس کے ساتھ جاری تصویر پر "لیجنڈ، آئیکون، ہیرو” کے الفاظ درج تھے۔
سر گارفیلڈ سوبرز نے 1954 سے 1974 کے دوران ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرتے ہوئے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں 8,032 رنز شاندار 57.78 کی اوسط سے بنائے جبکہ 235 وکٹیں بھی حاصل کیں، جس کے باعث انہیں کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
1999 میں وزڈن میگزین کی جانب سے بیسویں صدی کے پانچ عظیم ترین کرکٹرز کے انتخاب کے لیے کیے گئے سروے میں سر گارفیلڈ سوبرز کو 90 ووٹ ملے، جبکہ آسٹریلیا کے لیجنڈ سر ڈونلڈ بریڈمین نے تمام 100 ووٹ حاصل کیے۔
سر ڈونلڈ بریڈمین نے اپنی زندگی میں سر گارفیلڈ سوبرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا، "میرے نزدیک سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔”
سر گارفیلڈ سوبرز کو اس تاریخی اعزاز کے لیے بھی یاد رکھا جائے گا کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے بلے باز تھے۔ انہوں نے یہ کارنامہ ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلیمرگن کے باؤلر میلکم نیش کے خلاف انجام دیا تھا۔
ناٹنگھم شائر کرکٹ کلب نے انہیں "کرکٹ کی تاریخ کا عظیم ترین آل راؤنڈر اور کلب کی تاریخ کی ایک عظیم شخصیت” قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) نے بھی سوبرز کو "کرکٹ کھیلنے والے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کرکٹ شائقین کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے بھی ان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سر گارفیلڈ سوبرز عالمی کرکٹ کے حقیقی آئیکون تھے، جن کی شاندار خدمات اور کیریبین کرکٹ پر ان کا اثر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بی سی سی آئی نے بھارت کے 2024 کے ویسٹ انڈیز دورے کے دوران سر گارفیلڈ سوبرز کی روہت شرما، ویرات کوہلی اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں سے ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
سر گارفیلڈ سوبرز اپنے پیچھے کرکٹ کی ایسی عظیم میراث چھوڑ گئے ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔


