اسلام آباد (ایم این این): پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے حمزہ شہباز کے وفاقی سیاسی کردار کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں قومی سطح پر اہم سیاسی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں مستقل بنیادوں پر قیام کریں گے اور وفاقی سطح پر پارٹی امور کی نگرانی کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز وزیراعظم آفس میں بھی باقاعدگی سے موجود رہیں گے، جہاں وہ حکومتی اور سیاسی معاملات پر مشاورت اور رابطوں میں حصہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق انہیں وفاق میں مسلم لیگ (ن) کے سیاسی امور کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہ پارٹی کی مرکزی قیادت، وفاقی وزراء، اتحادی جماعتوں اور دیگر اہم حکومتی شخصیات کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
حمزہ شہباز اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں، اتحادی جماعتوں کے قائدین اور ارکانِ پارلیمان سے باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کریں گے تاکہ حکومتی اور پارلیمانی معاملات میں بہتر ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حمزہ شہباز وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی، حکومتی اور تنظیمی امور پر مسلسل مشاورت کریں گے اور اہم سیاسی فیصلوں اور آئندہ حکمت عملی کی تشکیل میں بھی فعال کردار ادا کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی سطح پر حمزہ شہباز کے متحرک کردار سے مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے اور حکومت و پارٹی کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ہے۔


