پمز آتشزدگی: 14 نومولودوں کی ہلاکت پر 8 افسران معطل، فوجداری کارروائی کا حکم

0
1

اسلام آباد (MNN)؛ وزیراعظم شہباز شریف نے پمز میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر 8 افسران کو معطل کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ فیصلہ وزیراعظم کو انکوائری کمیٹی کی عبوری رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد کیا گیا۔ کارروائی کی زد میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت طبی و انتظامی افسران، سی ڈی اے کے ایک افسر اور سیکیورٹی سے متعلق ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔ نجی سیکیورٹی کمپنی اور اس کے متعلقہ افسران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی ہے۔

عبوری رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کی درست وجہ تاحال حتمی طور پر ثابت نہیں ہوسکی، تاہم اندرونی برقی نظام یا کسی برقی آلے سے آگ لگنے کا امکان موجود ہے۔ رپورٹ میں نوزائیدہ بچوں کے وارڈ میں فائر سیفٹی اور ہنگامی انخلا کے جامع اور باقاعدہ مشق شدہ طریقہ کار کے فقدان کی بھی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ میں ایمرجنسی راستوں کے بند یا رکاوٹ کا شکار ہونے، فائر سیفٹی انتظامات میں خامیوں اور ابتدائی امدادی کارروائی میں کمزوریوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔ کمیٹی نے پورے اسپتال میں فوری فائر، لائف سیفٹی اور برقی نظام کا آڈٹ، عملی تربیتی مشقیں اور بہتر ایمرجنسی رسپانس نظام قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ فوری طور پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز کا قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا جبکہ معطل کیے گئے افسران کی جگہ نئے افسران تعینات کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

دریں اثنا، وزیراعظم نے نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارۂ خدمت اور 10 لاکھ روپے نقد انعام کی منظوری دی۔ اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت وارڈ میں 15 نومولود بچے موجود تھے جن میں سے ایک کو نرس نے بحفاظت نکال لیا۔

پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر میں یہ المناک آتشزدگی بدھ کو پیش آئی تھی۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں ذمہ داروں کے تعین، احتساب، فائر سیفٹی میں اصلاحات اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں