اسلام آباد (MNN)؛ اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے نے اینکوتاتاش، ایتھوپیا کے نئے سال، اور ہبیر کین (یگانگت و تنوع کا دن) کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا موضوع ’’تنوع: ایتھوپیا کا زیور‘‘ تھا۔
تقریب میں سفارتی برادری، ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پاکستان میں مقیم ایتھوپیائی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ وزیراعظم کے مشیر و قومی رابطہ کار برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان اور افریقہ امور کے ایڈیشنل سیکرٹری سفیر حامد اصغر خان مہمانانِ اعزاز تھے۔
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور شرکاء کو ایتھوپیا کے نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں ایتھوپیا کے سفیر نے اینکوتاتاش کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تہوار اڈی ابیبا کے پھول کے کھلنے کے موسم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کا واحد ملک ہے جسے باضابطہ طور پر نوآبادیاتی تسلط کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور وہ آج بھی اپنا گِیز کیلنڈر اور رسم الخط رکھتا ہے۔
سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا کا نیا سال امید، استقامت اور روشن مستقبل کا پیغام دیتا ہے، جو پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ’’لُک افریقہ‘‘ اور ’’انگیج افریقہ‘‘ پالیسیوں کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور ماحولیاتی شعبوں میں مشترکہ تعاون نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر نے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کو باضابطہ طور پر دعوت دی کہ وہ 2027 میں ادیس ابابا میں COP32 کی میزبانی کے لیے ایتھوپیا کی حمایت کرے۔ انہوں نے عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان موسمیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے ریٹائرمنٹ کے موقع پر سفیر حامد اصغر خان کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور پاکستان و افریقہ، بالخصوص پاکستان اور ایتھوپیا کے باہمی تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سفیر حامد اصغر خان کے لیے آئندہ زندگی میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ایتھوپیا کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا کی معاشی اور ماحول دوست ترقی کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے شکاگو میں قیام کے دوران ایتھوپیا کے نئے سال کی تقریبات میں اپنی شرکت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کے عوام انتہائی محبت کرنے والے ہیں اور ان کی ثقافت نہایت متحرک اور رنگا رنگ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے بھی پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور مختلف شعبوں، خصوصاً سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


