بھارت نے ویمنز ایشیا کپ جیت کر بھی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا

0
2

دبئی (MNN)؛ بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا، جس کے باعث دبئی میں ویمنز ایشیا کپ 2026 کی اختتامی تقریب میں تاخیر اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، تاہم میچ کے اختتام کے بعد ٹرافی کی تقریب 30 منٹ سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔

بعدازاں تقریب اختتام پذیر ہوگئی لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے نہ فاتح ٹیم کے میڈلز وصول کیے اور نہ ہی ایشیا کپ کی ٹرافی لی۔ تاہم سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے محسن نقوی سے رنرز اپ کا چیک وصول کیا۔

میچ کی آخری گیند متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق تقریباً رات 9:55 بجے ہوئی، تاہم ساڑھے 10 بجے تک بھی ٹرافی تقریب شروع ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کا میچ کے فوراً بعد براڈکاسٹرز نے انٹرویو کیا، جبکہ عام طور پر یہ انٹرویو ٹرافی اور میڈلز کی تقریب کے اختتام پر کیا جاتا ہے۔

اتوار کو پیش آنے والا واقعہ گزشتہ سال کے مینز ایشیا کپ فائنل کی یاد تازہ کرگیا، جب بھارت نے پاکستان کو شکست دینے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس وقت بھی ٹرافی کی تقریب میں طویل تاخیر ہوئی تھی۔

گزشتہ سال بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ کے بعد روایتی مصافحہ بھی نہیں ہوا تھا، جس کے باعث کرکٹ کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نمایاں رہی تھی۔

بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزومدار سے جب پوچھا گیا کہ کیا ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ پہلے سے طے شدہ تھا تو انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی نے کیا ہے اور ٹیم اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔

امول مزومدار نے کہا کہ ان کے لیے ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے اور وہ ایشیا کپ کے چیمپئن ہیں، جو ان کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکور بورڈ پر بھی بھارت کو ایشیا کپ 2026 کا چیمپئن قرار دیا جاچکا تھا۔

بھارت کی سری لنکا کے خلاف شاندار فتح

بھارت نے سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

بھارت کی جانب سے شفالی ورما نے 68 اور اسمرتی مندھانا نے 59 رنز بنائے، جس کی بدولت بھارتی ٹیم نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

بھارت کی اسپنر شری چَرانی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیپتی شرما نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ لائن بھارتی باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور صرف چماری اتھاپتھو، ویشمی گونارتنے اور نیلکشی ڈی سلوا ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔

چماری اتھاپتھو نے 32 گیندوں پر 36 رنز بنا کر سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کیا۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنے معیار کو برقرار رکھا اور فائنل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اوپنرز شفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خاص طور پر شفالی کی بیٹنگ اور باؤلنگ میں ذمہ دارانہ کھیل کی تعریف کی۔

سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے کہا کہ ان کی ٹیم تینوں شعبوں میں اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کرسکی، تاہم وہ آئندہ ایشین گیمز میں بھرپور واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں