اسلام آباد (ایم این این): وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ وفد کی پی ٹی آئی قیادت سے کل ملاقات طے پا گئی، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی ماحول میں بہتری اور موجودہ صورتحال پر مذاکرات ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے وفود کی ملاقات کل پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر چیمبر میں ہوگی۔ ملاقات میں سیاسی کشیدگی کم کرنے، سیاسی ماحول بہتر بنانے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔
ملاقات کے لیے وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد تشکیل دیا گیا ہے۔ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام شامل ہوں گے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی وفد کا حصہ ہوں گے۔
اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ملاقات میں ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ شریک ہوئے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد حکومت اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ وفد کی پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جسے موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے کے ایک اہم مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


