ٹرمپ کا امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان، مذاکرات کو نتیجہ خیز قرار دے دیا

0
13

واشنگٹن/تہران (MNN): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تہران کے ساتھ جاری مذاکرات کو ’’نتیجہ خیز‘‘ قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ وہ سب پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ امریکا وسط مدتی انتخابات سے قبل کسی بھی وقت ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو ’’اقتصادی اور فوجی طور پر شکست‘‘ ہو چکی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل ریکارڈ سطح پر جاری ہے اور صرف ایک رات میں 22 ملین بیرل تیل اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، تاہم بعد میں قیمتوں میں اضافے کی شرح کچھ کم ہوگئی۔

1641 جی ایم ٹی تک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 3.48 ڈالر، یعنی 3.5 فیصد اضافے کے بعد 103.73 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 2.69 ڈالر، یعنی 3.1 فیصد اضافے کے ساتھ 91 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے بات چیت کی اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی خبر رساں اداروں نے اس پیش رفت کی اطلاع دی۔

وسطی ایشیا کے ایک ملک میں علاقائی سربراہی اجلاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ روس موجودہ صورتحال کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے ’’حقیقی کوششیں‘‘ کی ہیں۔ یہ جنگ ایران کی سرزمین پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔

ٹرمپ کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے، امریکا اور ایران کے مذاکرات کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے اور عالمی توانائی کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں پر تشویش بڑھ رہی ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم تزویراتی گزرگاہ ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں