روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف پاکستان پہنچ گئے، چار روزہ دورہ دونوں ممالک کا پہلا اعلیٰ سطحی رابطہ

0
12

اسلام آباد (MNN)؛ روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف پیر کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی روسی وزیر داخلہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد آمد پر روسی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دورے کے دوران پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر اہم بات چیت ہوگی۔ روسی وزیر داخلہ پاکستانی قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے۔

یہ دورہ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان سفارتی روابط میں بہتری کی کوششوں کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ اس سے قبل 5 اکتوبر کو ماسکو فارمیٹ کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں روس، پاکستان، افغانستان، چین، ایران، بھارت اور وسطی ایشیائی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں افغانستان کی سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم، افغانستان کے لیے روسی صدر کے خصوصی نمائندے ضمیر کابلوف کے مطابق پاکستانی اور افغان وفود کے درمیان اختلافات کے باعث اجلاس میں شریک ممالک حتمی دستاویز پر اتفاق نہ کر سکے۔

اجلاس کے دوران افغانستان کے حوالے سے روس اور پاکستان کے مؤقف میں فرق بھی نمایاں ہوا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد طالبان انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ’’قومی حکومت‘‘ قرار دیا۔ روس نے 2025 میں طالبان انتظامیہ کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا اور ایسا کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔

روس کے اس مؤقف کے برعکس پاکستان طالبان انتظامیہ اور پاکستان میں سرگرم عسکریت پسند گروہوں کے مبینہ روابط پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ 18 اگست کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں روسی سفیر البرٹ خوروف سے ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا تھا۔

اس سے قبل 9 جون کو وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے بتایا تھا کہ پاکستان اور روس نے 2030 تک کے لیے اقتصادی تعاون پروگرام پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ حال ہی میں طے پانے والا ریڈمیشن معاہدہ ویزا انتظامات بہتر بنانے اور عوامی روابط مضبوط کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

روسی وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں