تیانجن (ایم این این); چین کا فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کا نظام ہر سال مختلف صنعتوں کو تقریباً ایک کروڑ ہنرمند کارکن فراہم کرتا ہے۔
یہ اعداد و شمار تیانجن میں منعقدہ ورلڈ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیولپمنٹ کانفرنس 2026 کے موقع پر جاری کردہ حقائق نامے میں سامنے آئے ہیں۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق چین میں نئے بھرتی ہونے والے ہنرمند کارکنوں کی تعلیم کا اوسط دورانیہ 14.35 سال تک پہنچ گیا ہے۔
سال 2025 میں اعلیٰ فنی و تکنیکی تعلیمی اداروں سے تقریباً 58 لاکھ 20 ہزار طلبہ فارغ التحصیل ہوئے، جبکہ ثانوی فنی تعلیمی اداروں سے تقریباً 52 لاکھ 20 ہزار طلبہ نے تعلیم مکمل کی۔
چین دنیا کا سب سے بڑا فنی تعلیمی نظام رکھتا ہے، جس میں 9,151 ثانوی فنی تعلیمی اسکول، 1,554 اعلیٰ فنی کالج اور 124 ایسے ادارے شامل ہیں جہاں فنی شعبوں میں انڈرگریجویٹ پروگرام پیش کیے جاتے ہیں۔
چین کے نصف سے زیادہ اعلیٰ تعلیمی ادارے اعلیٰ فنی تعلیم کے ادارے ہیں۔ اس کے علاوہ 52 عمومی اعلیٰ تعلیمی ادارے بھی فنی شعبوں میں بیچلر ڈگری پروگرام پیش کرتے ہیں۔
2025 کے اختتام تک چین کے فنی تعلیمی نصاب میں 19 بڑے شعبے، 97 ذیلی شعبے اور 1,491 تخصصات شامل تھے، جو قومی معیشت کے تقریباً تمام شعبوں اور صنعتوں کی 41 بڑی اقسام کا احاطہ کرتے ہیں۔
فنی تعلیم کے عالمی معیارات کا فریم ورک جاری
تیانجن میں ورلڈ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیولپمنٹ کانفرنس 2026 کی اختتامی تقریب کے دوران فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے معیارات کے لیے ایک عالمی فریم ورک جاری کیا گیا، جسے 45 ممالک نے مشترکہ طور پر پیش کیا۔ اس کی تیاری میں چین نے قائدانہ کردار ادا کیا۔
فریم ورک میں فنی تعلیمی نظام کو بہتر بنانے، زندگی بھر سیکھنے اور تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور صنعتوں و تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
اس میں صنعت اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے تدریسی مواد تیار کرنے اور کاروباری اداروں و تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری کے ذریعے تدریسی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
فریم ورک میں تدریس اور سیکھنے کے عمل میں اصلاحات کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔
کانفرنس میں چین کی ان کوششوں کو اجاگر کیا گیا جن کا مقصد فنی تعلیم کو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا، ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔


