آصف نوید; اسلام آباد (ایم این این): اسلام آباد میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور کم عمر افراد کی ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کی گاڑیاں متعلقہ تھانوں میں بند کی جائیں گی، جبکہ کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں والدین کی جانب سے تحریری یقین دہانی جمع کرانے کے بعد واپس کی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر اسد ملک اور جنرل سیکرٹری آصف نوید نے کی۔
شہر میں امن و امان کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ جرائم کی روک تھام اور نشاندہی کے لیے سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی۔
سہیل چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون کے علاوہ شہر میں نصف سے زیادہ ناکے ختم کر دیے گئے ہیں، جبکہ اب زیادہ تعداد میں ناکے قائم رکھنے کے بجائے پولیس پیٹرولنگ بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے مسائل کا حل بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ملتان میں تعیناتی کے دوران 19 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی شکایات کا ازالہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اب بھی روزانہ ذاتی طور پر پولیس اہلکاروں کے مسائل سنتے ہیں اور محکمانہ سزاؤں سے متعلق معاملات کا میرٹ پر جائزہ لے کر جہاں مناسب ہو ریلیف فراہم کرتے ہیں۔
ڈرائیونگ قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے دوبارہ واضح کیا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کی گاڑیاں متعلقہ تھانوں میں بند رہیں گی اور لائسنس بنوانے کے بعد ہی واپس کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کے معاملے میں گاڑی اس وقت واپس کی جائے گی جب والدین تھانے آ کر تحریری یقین دہانی جمع کرائیں گے۔


