راولپنڈی (ایم این این): لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے منگل کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہائیکل کی جی ایچ کیو آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور پاک-لبنان فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
گفتگو میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے دفاعی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے اور فوجی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام اور عالمی امن مشنز میں ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور فوجی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
جنرل ہائیکل کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے۔ وہ ہفتے کے روز پاکستان روانہ ہوئے تھے، جبکہ اسلام آباد خطے میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے، جس کے اثرات لبنان تک بھی پہنچے ہیں۔
لبنانی فوج نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ جنرل ہائیکل پاکستان کے دورے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دعوت پر آ رہے ہیں، تاہم دورے کے دورانیے اور دیگر تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئی تھیں۔


