آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر، خلیجی ممالک کی ایران پر شدید تنقید، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

0
11

دوحہ/اسلام آباد/تہران (ایم این این): خلیج میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جہاں پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی (PGSA) نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج کی حالیہ غیر قانونی عسکری سرگرمیوں کے باعث فی الحال آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت ممکن نہیں۔

ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد تمام درخواستوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور مقررہ شیڈول کے مطابق بحری گزرگاہ استعمال کرنے کی اجازت جاری کی جائے گی۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ٹرانزٹ پرمٹ صرف اس کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب قطر کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے تمام بحری جہازوں، ماہی گیری کی کشتیوں، تفریحی کشتیوں اور جیٹ اسکی مالکان کو اگلے حکم تک سمندری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ عوامی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز تمام جہازوں کے لیے کھلی ہے اور امریکی بحری افواج بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور تعینات ہیں۔

بحرین نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ایک بار پھر شہری علاقوں کو میزائلوں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، تاہم بحرینی فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔

بحرینی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع کے لیے تمام فورسز انتہائی چوکس ہیں، جبکہ عوام سے بھی محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بحرین نے شہری آبادی اور نجی املاک پر حملوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

قطر نے بھی اپنی سرزمین اور خطے کے دیگر حصوں پر مبینہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

قطری وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ ایسے حملے کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچائیں گے۔ قطر نے بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

عمان نے بتایا کہ مسندم کے ساحل کے قریب حملے کا شکار ہونے والے قبرص کے پرچم بردار تجارتی جہاز سے 23 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ ایک اہلکار تاحال لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

عمانی میری ٹائم سکیورٹی سینٹر کے مطابق جہاز سے موصول ہونے والے ہنگامی پیغام کے بعد امدادی کارروائی کی گئی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے جہاز پر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔

عمان نے مسندم اور البطینہ میں مبینہ ڈرون حملوں پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے ایرانی سفیر کو بھی طلب کیا اور زور دیا کہ ریاستی خودمختاری، حسنِ ہمسائیگی اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کا احترام کیا جائے۔

متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے کے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔ امارات نے بحرین، قطر، اردن اور کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ادھر ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فضائی حملوں میں جنوبی ایرانی بندرگاہ جاسک میں ایرانی بحریہ کے افسر لیفٹیننٹ حمید رضا دہقانی ہلاک ہوگئے۔

کویت نے بھی ایران کے مبینہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل عسکری کارروائیاں خطے کے امن، سلامتی اور سفارتی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہیں۔

کویتی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ملک اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی توانائی کی ترسیل، بین الاقوامی بحری تجارت اور خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں