تہران (ایم این این): آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران میں قومی اتحاد برقرار رکھنے، ملکی خودمختاری کے تحفظ اور امریکہ کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم ہر قسم کے بیرونی دباؤ کا متحد ہو کر مقابلہ کرے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے متعدد بیانات میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم ذمہ داری عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اتحاد کو برقرار رکھنا اور ایران کی عزت، آزادی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنا ہے۔
انہوں نے جنوبی ایران میں حالیہ دنوں میں سرگرم اسلامی مجاہدین اور مقامی عوام کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں اور مزاحمت نے امریکی دشمن کو ایسے سبق سکھائے ہیں جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کشیدگی میں مزید اضافہ کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران اور "محاذِ مزاحمت” ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکہ کو "شیطانِ بزرگ” قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ واشنگٹن کی پالیسی جبر، بالادستی اور طاقت کے استعمال پر مبنی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران اور امریکہ کے صدور کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی بار بار خلاف ورزی سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ امریکی صدر کے دستخط قابلِ اعتماد نہیں رہے۔
انہوں نے ایران کے "شہید رہنما” کی آخری رسومات میں لاکھوں افراد کی شرکت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور موجودگی نے ایرانی قوم کے اسلامی اور ایرانی تشخص، اتحاد اور عزم کو نئی قوت بخشی ہے۔
ان کے مطابق اس عوامی اجتماع نے ایران کے دوستوں کے حوصلے بلند کیے جبکہ مخالفین کو پریشانی اور خوف میں مبتلا کر دیا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر مجتبیٰ خامنہ ای نے اعلان کیا کہ اسلامی انقلاب کے رہنما کی جانب سے آخری رسومات سے متعلق خصوصی پیغام اور ملک کے اہم قومی امور پر تفصیلی بیان جلد جاری کیا جائے گا۔
یہ بیانات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے اور ان میں مجتبیٰ خامنہ ای کے مؤقف کی عکاسی کی گئی ہے۔


